(عامر رضا) لیسکو سمیت بجلی کی منافع بخش تقسیم کار کمپنیوں کو"گروی" رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وفاقی حکومت اسلامی بینک سے 600 ارب روپے کا قرضہ لیکر کمپنیوں کو لیز پر دے گی جس کا ماہانہ اربوں روپے کرایہ بینک کو ادا کیا جائے گا۔
سٹی 42 کے مطابق لیسکو سمیت بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کو "گروی" رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، سٹی 42 کو موصول ہونیوالی دستاویزات کے مطابق اسلامی بینک سے 6 سو ارب روپے کا قرض لینے کیلئے کمپنیوں کو گروی رکھا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ قرض لیکر کمپنیوں کو بینک لیز پر دیدیا جائے گا، لیز پر دینے کے بعد کمپنیاں بینک کو ماہانہ اربوں روپے کرایہ ادا کریں گی، بینک صرف کرایہ لے گا، قرض پرسود کی ادائیگی نہیں کرنا پڑےگی، لیز کے باوجود بینک کے پاس کمپنیوں کا ٹائٹل تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔
واضح رہےکہ وزارت پاور ڈویژن نے لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں سے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں اور ساتھ قانونی تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں۔ اثاثہ جات کی مالیت کے مطابق وفاقی حکومت قرض لے سکے گی، قرض کی واپسی تک کمپنیاں بینک کو کرایہ ادا کرتی رہیں گی۔