(سٹی42)پنجاب میں بی اے ، بی ایس سی کی دو سالہ ڈگری ختم، نئے تعلیمی سال سے دو سالہ ڈگری کی جگہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب میں پبلک سیکٹر کالجز کا نام تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر تے ہوئے پنجاب کے 790 کالجز کے نام تبدیل کر دیے ہیں۔ جن سرکاری کالجز میں بی ایس پروگرام آفر کیے جا رہے ہیں ، ان کا نام تبدیل کر کے گورنمنٹ گریجویٹ کالجز کیا جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام پبلک سیکٹر کالجز بشمول انٹرمیڈیٹ، کامرس اور ہام اکنامک کالجز جہاں بی ایس پروگرام آفر نہیں کیے جا رہے ان کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالجز کا نام دیا جائیگا۔
کامرس اور ہوم اکنامک کالجز کو اجازت ہوگی کہ وہ مختلف شعبہ جات میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام بھی آفر کر سکیں۔ نوٹیفکیشن چار سالہ بی ایس ڈگری شروع کرنے کے بعد ایسوسی ایٹ کالجز کو اپ گریڈ کرکے گریجویٹ کالجز کا درجہ دیا جاسکے گا۔
دوسری جانب بہاءالدین زکریا یونیورسٹی نےبی اے، بی ایس سی سالانہ امتحانات کاداخلہ شیڈول جاری کردیا،سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 مارچ مقرر کی گئی،دو گنا فیس کے ساتھ داخلہ فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 مارچ مقرر جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 مارچ ہے۔
بی اے کی داخلہ فیس 4000، بی ایس سی کی 4200 روپے ہے،پریکٹیکل امتحان کی فیس فی مضمون 1300 روپے مقرر کی گئی ہے،امیدوار یونیورسٹی کی آفیشل ویب سایٹ پر آن لائن داخلہ کرا سکتے ہیں۔