ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے، عدالت نے ایل ڈی اے کی ڈائریکٹر رابعہ ریاست سے بھی 22 فروری کو توہین عدالت کی درخواست پر جواب طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے ایونیو ون میں پیٹرول پمپ کی لیز کیلئے کامیاب بولی دہندہ ہوں، ایل ڈی اے کو کامیاب بولی کے بعد 1 کروڑ 20 لاکھ روپے بطور زر ضمانت بھی جمع کروا رکھے ہیں۔ ایل ڈی اے نے 2 بار پیٹرول پمپ کی لیز کیلئے اخبار اشتہار جاری کیا جس میں کامیاب بولی دہندہ رہا، کامیاب بولی دہندہ ہونے کے باوجود پیٹرول پمپ لیز پر نہ دینے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں کیس بھی زیر سماعت ہے۔
عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ایل ڈی اے نے تیسری بار ایک ہی پیٹرول پمپ کی لیز پر نیلامی کیلئے اخبار اشتہار جاری کر دیا ہے، اخبار اشتہار کے مطابق ایل ڈی اے ایونیو ون پیٹرول پمپ کی 23 فروری کو نیلامی ہونے جارہی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی کرنے پر ڈی جی ایل ڈی اے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔