(سٹی42)لاہور موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں، کم بارشیں اور آلودہ فضا ہونے پردھند نے دوبارہ ڈیرے ڈالے ہیں، محکمہ موسمیات کا دعویٰ ، فروری میں بارش نہ ہونا خطرناک ہے،شہریوں کو صحت کے مسائل کا چیلنج بھی درپیش، دھند اور سموگ کا خاتمہ بارشوں سے مشروط ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے سردی کی شدت میں کمی آگئی مگر دھند سے چھٹکارا نہ مل سکا،دسمبر اور جنوری میں دھند کا سپیل کم رہا جس کے اثرات فروری کے مہینے میں پڑے جبکہ دھند لاہور کی فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے بارشوں کی اشد ضرورت ہے اور فروری میں بارشوں کے امکانات کم ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو صحت کے مسائل درپیش ہوں گے۔
رات گئے لاہور ایئرپورٹ اور اطراف شدید دھند کا راج رہا جس کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ رات 9 بجے سے آنے جانے والی پروازوں کے لئےبند کردیاگیا، رن وے اور اطراف حد نگاہ صفر تھی، ہوا کی رفتار بھی صفر ریکارڈ کی گئی، ایئرپورٹ اور اطراف ہوا میں نمی کا تناسب بھی صفر جبکہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،آنے جانے والے مسافروں کو سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنارہا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے ر ہنمائی کے لئے ہیلپ ڈیسک بھی قائم نہیں کیا جا سکا، آنے جانے والے مسافر ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ٹیلی فون نمبر 042990312701 پر رابطہ کریں، دھند اور دیگر وجوہات کی وجہ سے 40 پروازیں متاثر ہوئیں، 14 منسوخ، 26 تاخیر کا شکار رہیں، پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 9760 لاہور لینڈ نہ کر سکی، کنٹرول ٹاور نے پرواز کو لاہور کی بجائے اسلام آباد بھجوا دیا۔
سیرئین ایئر کی کراچی سے آنے والی پرواز 524 کو واپس کراچی بھیج دیا گیاتھا، پی آئی اے کی ابوظہبی سے آنے والی پرواز پی کے 264 کو اسلام آباد، اتحاد ایئر کی ابوظہبی سے آنے والی پرواز 241 منسوخ اتحاد ایئر کی ابوظہبی جانے والی پرواز 242،برٹش ایئر کی لندن سے آنے والی پرواز 259،برٹش ایئر کی لندن جانے والی پرواز 258 ، پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے 203،دبئی سے آنے والی پرواز پی کے 204،کراچی سے آنے والی پرواز پی کے 302 ،کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 منسوخ کردی گئی تھی۔
علاوہ ازیں سیرئین ایئر کی کراچی سے آنے والی پرواز 520 ،کراچی جانے والی پرواز 521 ،کوئٹہ جانے والی پرواز 542،کوئٹہ سے آنے والی پرواز 543،ایئربلیو کی دبئی جانے والی پرواز 410،دبئی سے آنے والی پرواز 411 منسوخ ہوئی،پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے آنے جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامناررہا۔
لاہور ایئرپورٹ کی کار پارکنگ میں گاڑیوں کا رش بڑھ گیا، مناسب انتظام نہ ہونے سے مسافروں کو گاڑیاں نکالنے اور کھڑی کرنے میں دشواری کا سامنا رہا۔