( ملک اشرف ) شہر میں فیکٹریوں کے زہریلے دھوئیں کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا، درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ دھوئیں سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہےہیں۔
شہری خلیل احمد نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں زہریلا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، درخواست گزار کے مطابق زہریلا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کے لیے محکمہ ماحولیات سے رجوع کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
محکمہ ماحولیات کے کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے زہریلا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ ان فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے اور انہیں شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔