شاہی قلعہ کی سیر کے خواہشمند افراد کیلئے اچھی خبر

 شاہی قلعہ کی سیر کے خواہشمند افراد کیلئے اچھی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ریحان گل) شاہی قلعہ کی سیر کے خواہشمند افراد کیلئے آسانی، والڈ سٹی اتھارٹی کا شاہی قلعہ کے لئے علیحدہ راستہ اور پارکنگ بنانے کا فیصلہ، محکمہ بلدیات نے 4 کروڑ روپے لاگت کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

شاہی قلعہ کی سیر کیلئے آنے والے سیاح داخلے کیلئے لاری اڈے کے سامنے موجود گریٹر اقبال پارک والا گیٹ استعمال کرتے ہیں جس کے باعث انہیں شاہی قلعہ تک رسائی کیلئے 2 کلومیٹر تک پیدل چلنا پڑتا ہے، سیاحوں کی اس مشکل کے حل کیلئے والڈ سٹی اتھارٹی نے شاہی قلعہ تک براہ راست اور قریبی رسائی کیلئے علیحدہ راستہ اور پارکنگ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہی قلعہ کو آنے والے سیاح واسا ٹیوب ویل سے دربار تک نیا مجوزہ راستہ استعمال کریں گے، منصوبے پر 4 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے، محکمہ بلدیات نے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

علاوہ ازیں والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے شاہی قلعہ کی بحالی اور اطراف میں بفرزون بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کیلئے فرنچ حکومت نے آسان اقساط پر ساڑھے تین ارب روپے کا قرض دینے کی پیشکش کر رکھی ہے۔

یادرہے کہ قلعہ لاہور جسے شاہی قلعہ بھی کہا جاتا ہے، لاہور کی شاندار عمارتوں میں سے ایک ہے، اس کی ازسرِنو تعمیر مغل بادشاہ اکبر اعظم (1556ء تا 1605ء) نے کروائی، قلعے کے اندر واقع چند مشہور مقامات میں شیش محل، عالمگیری دروازہ، نولکھا محل اور موتی مسجد شامل ہیں، شاہی قلعہ 1100 فٹ طویل جبکہ 1115 فٹ وسیع ہے، قلعہ لاہور دیکھنے کیلئے ہر روز ہزاروں لوگ آتے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer