قذافی بٹ: پاکستان تحریک انصاف میں احتساب کی تلوار چل پڑی، سٹینڈنگ کمیٹی محاسبہ و نظم و ضبط نے پارٹی آئین کی خلاف ورزی پر 2 رہنماوں کی رکنیت معطل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی نے پارٹی آئین کی خلاف ورزی پر ایک سال کے لئے میاں جاوید علی اور عمر خیام کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے، احتساب کمیٹی کی جانب سے تین صفحات پرمشتمل جاری فیصلے میں کہاگیاہےکہ دونوں رہنماوٗں پربغیر کسی قانونی حیثیت اورپارٹی اجازت کےغیرقانونی نوٹیفکیشن جاری کرنےکےالزامات ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے ملک اور بیرون ملک سپورٹس اور کلچر ونگ کے ذریعے جعلی تشہیر کی۔ دونوں کو نوٹسز بھی جاری کئے گئے لیکن وہ اپنے موقف کیلئے پیش نہیں ہوئے۔ احتساب کمیٹی نےسپورٹس کلچر فورم، پاکستان انصاف سپورٹس اینڈکلچر فیڈریشن، انصاف سپورٹس کلچر فیڈریشن پر بھی پابندی عائد کردی۔
دونوں رہنما کمیٹی کے فیصلے کے خلاف ایک ہفتے میں اپیل بھی دائر کرسکتے ہیں، میاں جاوید علی اورعمرخیام کے خلاف پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ اور مرکزی جنرل سیکرٹری انصاف سپورٹس کلچر ونگ جلال حیدر خان کی درخواست پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔