(جنید ریاض)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث تعلیمی اداروں کو چھٹیاں دینے کا فیصلہ درست تھا۔
تفصیلات کےمطابق کورونا کے باعث اموات میں اضافہ،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی اداروں کو چھٹیاں دینے کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔ شفقت محمود نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ بچے گھروں میں رہ کر محفوظ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حالات بہتر ہوتے ہی تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے۔ شفقت محمود نے مزید کہا کہ بچوں کا تعلیم سے گہرا تعلق ہے، کسی صورت قبل از وقت تعلیمی ادارے کھول کر بچوں کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جائے گا۔
Given the current high rate of corona infections and sadly deaths, it was the right decision to close educational institutions. Students should rest assured that the moment things get better all institutions will open. I am greatly concerned about their education
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) December 15, 2020
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے جاں لیوا حملوں میں شدت آچکی ہے، گزشتہ روز لاہور میں مہلک وائرس ریکارڈ 23 زندگیاں نگل گیا ۔ 255 نئے مریضوں کی بھی تصدیق ہوئی ۔ پنجاب بھرمیں مجموعی طورپر57 اموات اور 597 کیسز رپورٹ ہوئے ۔کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کررہا ہے ۔ لاہور میں کورونا وبا کے دوران کیسز کی مجموعی تعداد 62483 اوراموات 1361 ہوگئی ہیں۔
پنجاب بھرمیں کیسز 128138 اور اموات 3422 ہوگئی ہیں۔ صوبے بھر میں کورونا میں مبتلا ہونے والے 115298 مریض اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب بھرمیں 244 سرکاری اورپرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے علاج کیلئے 8329 بیڈزدستیاب ہیں جن میں سے 3786 بیڈزآکسیجن کی سہولت کے حامل ہیں۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے بھر میں 669 اور لاہورمیں 239 وینٹیلیٹرز دستیاب ہیں جن میں سے لاہورمیں 79 وینٹیلیٹرزمریضوں کے استعمال میں ہیں ۔