بسام سلطان: گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے کل سے اوپی ڈی میں ایک گھنٹہ کی علامتی ہڑتال کے ساتھ او پی ڈی و انڈور کھولنے کا اعلان، جی ایچ اے نے اعلان کیا ہے کہ تین دن میں یاسمین راشد کا استعفیٰ، ایک مریض کے ساتھ ایک تیماردار اور سیکیورٹی بل نہ لایا گیا تو پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ہڑتال کی جائے گی۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چئیرمین سلمان حسیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد اسپتال کے ملازمین کی نمائندگی کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئیں، گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے کل سے اوپی ڈی میں ایک گھنٹہ کی علامتی ہڑتال کے ساتھ اوپی ڈی و انڈور کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اورمطالبہ کیا ہے کہ تین دن میں یاسمین راشد کا استعفیٰ، ایک مریض کے ساتھ ایک تیماردار اور سیکیورٹی بل نہ لایا گیا تو پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ہڑتال کی جائے گی۔ سلمان حسین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار اور راجہ بشارت کی جانب سے سکیورٹی بل کی بجائے کمیٹیوں پر معاملہ ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ دار وکلاء کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
انہوں نے کہا یاسمین راشد کی نا اہلی کی وجہ سے ہسپتال میں ادویات مہنگی، ٹیسٹ مہنگے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا وکلاء کو اب جسمانی ریمانڈ کی بجائے جوڈیشل ریمانڈ ملنا شروع ہوگئے ہیں، بار کے ری ایکشن سے شدید صدمے میں ہیں۔ گریند ہیلتھ الائنس ممبران کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو ایک دفعہ پھر ہڑتالوں اورسڑکوں پر آنے کا اعلان کیا جائے گا۔