قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا پائے گی:وزیراعلیٰ پنجاب

قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا پائے گی:وزیراعلیٰ پنجاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 16دسمبر2014ء کے دن سفاک درندوں نے معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلی۔ سفاک درندوں نے آرمی پبلک سکول پشاورمیں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پر پیغام،انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ قیام امن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے معصوم بچوں کا بہنے والا خون رنگ لایا ہے۔ ان بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصد کے حصول کیلئے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی۔ آرمی پبلک سکول پشاورکے بچوں نے بہادری اورجرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔ قوم کے بہادر بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز کو امن نصیب ہوا۔

عثمان بزدارنے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے۔16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتارہے گا۔ قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ معصوم بچوں کے ناحق بہنے والے خون کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔ شہید بچوں کے خون کا قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتارنا ہے۔ شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاورکے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔

Shazia Bashir

Content Writer