سٹی42: میاں محمد نواز شریف کی حلقہ این اے 130 سے بطور رکن قومی اسمبلی کامیابی کا نوٹیفکیشن پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ ناکام امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے میاں محمد نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل الیکشن اپلیٹ ٹریبونل سماعت کرے گا۔درخواست میں الیکشن کمیشن، ریٹرنگ افسر حلقہ این 130 ،میاں محمد نواز شریف سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ انتخابی عذرداری میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کی کامیابی ملی بھگت کا نتیجہ ہے اور نتائج میں ردبدل کرکے انہیں کامیاب قرار دلوایا گیا ہے۔
انتخابی عذرداری میں یہ دعوٰی بھی کیا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی کامیابی کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے .