(علی اکبر) وزیر اعلی پنجاب نے لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک کے رش پر اظہار تشویش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہو اور گردونواح کے شہروں کا فضائی دورہ بھی کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے اقدامات کا جائزہ لیا اور وزیراعلی نے مارکیٹوں اورکمرشل سینٹرز کی بندش کا بھی مشاہدہ کیا اور سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا-
وزیراعلیٰ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرائض سرانجام دینے والے پولیس،پاک فوج اور رینجرز کے افسروں و اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کی بعض سڑکوں پر ٹریفک دیکھ کر تشویش کا اظہارکیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہریو ں کو گھروں میں رہنے کی ا پیل کرتے ہوئے کہاکہ شہری اپنی او ردوسروں کی حفاظت کے لئے بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں - ہماری توجہ صرف کورونا سے عوام کو بچانے پر ہے-انہوں نے کہاکہ عوام حکومتی ہدایات پر جتنا عمل کریں گے اتنا محفوظ رہیں گے-
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن میں 25اپریل تک توسیع کی ہے۔ عوام کی زندگیوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔ صوبے کے عوام کی زندگیوں محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات تسلسل کیساتھ جاری رہیں گے۔پنجاب میں تمام مارکٹیں،شاپنگ مالز،ریسٹورنٹس اورسرکاری و نجی دفاتربند ہیں۔
صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ سماجی و مذہبی اجتماعات پر پابندی جاری رہے گی۔پنجاب بھر میں تقریبات، میلوں، کھیلوں کے مقابلوں،جم اورسنوکر کلبوں پر بھی پابندی جاری رہے گی۔ شادی ہالز،مارکیز،تعلیمی ادارے، ٹیوشن سینٹرزاوردینی مدارس25اپریل تک بند رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ امتحانات کے انعقاد پر پابندی میں بھی توسیع کی گئی ہے۔ سرکاری محکموں کی جانب سے نوٹیفائیڈ سرکاری ملازمین کو دفتر آنے کی اجازت ہو گی۔ ڈبل سواری پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔گراسری سٹورز،کریانہ کی دکانیں، بیکریز، آپٹیشنز،پیسٹی سائیڈز، بیج اورکھاد کی دکانیں، آٹوورکشاپس، زرعی مشینری کی ورکشاپس اوروینڈرزصبح 9سے 5بجے تک کھلے رہیں گے۔ پنجاب حکومت نے کم رسک والی انڈسٹریز کو کھولنے کا فیصلہ کیاہے اور اس سلسلے میں ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں -