(ملک اشرف) لاک ڈاؤن میں نرمی اور توسیع کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں زیادہ کیسز لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا، عدالت عالیہ میں مقدمات کی سماعت کیلئے نیا ججز روسٹر بھی جاری کردیا گیا، جس کا اطلاق چوبیس اپریل سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد ججز روسٹر جاری کیا گیا، پرنسپل سیٹ پر مختلف ڈویژن اورسنگل بنچز مقدمات کی سماعت کریں گے، چیف جسٹس محمد قاسم خان اور جسٹس شجاعت علی خان پر مشتمل دورکنی بنچ برقرار ہے، چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نمبر ایک تمام نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس چودھری محمد اقبال پر مشتمل دورکنی بنچ برقراررہے گا۔
روسٹر کے مطابق جسٹس شمس محمودمرزا اورجسٹس شاہدکریم پرمشتمل دورکنی بنچ برقرار رہے گا اور تمام سول نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرے گا، جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ برقرار رہے گا اور انسداد دہشتگردی سمیت فوجداری نوعیت کے مقدمات کی سماعت جاری رکھے گا۔
جسٹس شاہد جمیل خان اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل دورکنی بنچ برقرار رہے گا اور کمرشل، بنکنگ، ٹیکس سمیت دیگر کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس چودھری مشتاق احمد اور جسٹس شہرام سرورچودھری پرمشتمل دو رکنی بنچ برقرار رہےگا، قتل اپیلوں اور ریفرنسز سمیت دیگر فوجداری مقدمات کی سماعت جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بنچ سنے گا اور نیب کیسز سمیت دیگر فوجداری مقدمات جاری رکھیں گے، دو رکنی بنچز میں شامل تمام ججز سنگل بنچ کی حیثیت سے بھی مقدمات کی سماعت کریں گے۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس جواد حسن، جسٹس چودھری مسعود جہانگیر، جسٹس مسعود عابد نقوی سمیت دیگر ججز سنگل بنچزکی حیثیت سے سماعت کریں گے۔