( قذافی بٹ ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین پارٹی میں پھر سرگرم، جہانگیر ترین کی لاہور میں متعدد صوبائی وزرا سے اہم ملاقاتیں، پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سے مختلف صوبائی وزراء نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتیں کرنیوالوں میں صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان، صوبائی وزیر کمیونی کیشن سردار آصف نکئی، صوبائی وزیر بیت المال اجمل چیمہ، صوبائی وزیر حکمت عملی و پیشہ ورانہ امور حسین جہانیاں گردیزی شامل ہیں۔ ملاقاتوں میں سیاسی و حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں میں وزراء نے اپنے محکموں کے منصوبوں اور ہونیوالی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ جہانگیر ترین وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اہم ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ جہانگیر ترین نے وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوعام آدمی کے مسائل کا احساس ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔