ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مریم نواز کیس ؛ عدالت نے نیب کو ایک ہفتہ کی مہلت دے دی

Maryam Nawaz
کیپشن: Maryam Nawaz
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں میں عدالت نے نیب کو دلائل کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیئے کہ ایک ماہر کی رائے کو اس کیس میں بنیادی شواہد کے طور پر لیا گیا جبکہ کسی ماہر کی رائے کبھی بھی بنیادی شہادت نہیں ہوتی۔

مریم نواز کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ایکسپرٹ رابرٹ ریڈلے خود تسلیم کرتا ہے کہ کیلبری فونٹ ٹرسٹ ڈیڈ سے ڈیڑھ سال پہلے آ چکا تھا اور ایکسپرٹ نے کہا وہ اپریل 2005 میں خود یہ کیلبری فونٹ استعمال کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے مانا وہ کمپیوٹر ایکسپرٹ نہیں ہیں۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ پھر تو یہ کیس ہی ختم ہوگیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ وہ ایکسپرٹ نہیں تو پھر اس کے شواہد ہی ختم ہو جاتے ہیں

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹرسٹ ڈیڈ کے نتیجے میں مریم نواز کو کیا فائدہ ہوا پراسیکیوشن یہ بتا دے، رابرٹ ریڈلے کی نام نہاد رپورٹ کی بنیاد پر ٹرسٹ ڈیڈ کو غلط قرار دیا گیا۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف کے اثاثوں کی مالیت کا تعین بھی موجود نہیں؟امجد پرویز نے جواب دیا کہ نہیں اور دونوں ملزمان کے اثاثوں کی مالیت کا تعین پراسیکیوشن کا کام ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ نیب نے اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی؟ایڈووکیٹ امجد پرویز نے کہا کہ نیب نے کہا جرم 1993 میں ہوا تھا اور مریم نواز کو 2006 میں ایک دستاویز سائن کرنے پر کہا گیا کہ جرم میں معاونت کی۔ یہ بات آج تک سمجھ نہیں آتی کہ اتنے سال بعد معاونت کیسے ہوئی۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل مکمل کر لیے جبکہ نیب نے دلائل کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ جمعرات تک ملتوی کر دی۔