ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکاری ملازمین کی سنی گئی

سرکاری ملازمین کی سنی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) پنجاب میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں واضح فرق کے معاملے پر گورنر پنجاب نے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا وعدہ کرلیا۔
پنجاب میں سیکریٹریٹ، عدلیہ اور پولیس ملازمین کو ایکزیکٹو الاؤنس دیے جاتے ہیں، سرکاری ملازمین پر مشتمل ایمپلائز گرینڈ الائنس نے معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔  گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ایکزیکٹو الاؤنس سے محروم سرکاری ملازمین کے مطالبات جائز ہیں۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے معاملے پر راجہ بشارت سے بات کی تھی۔  راجہ بشارت نے معاملہ منظوری کے لیے صوبائی کابینہ میں اٹھانے کا کہا تھا جبکہ تمام صوبائی سرکاری ملازمین کو ایکزیکٹو الاؤنس دلانے کا معاملہ آج وزیراعظم کے سامنے اٹھاؤں گا۔

  واضح رہے گزشتہ روز  آل پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے عہد یداران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیاتھا اورحکومت کے مطالبات نہ ماننے پر  احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے کا اعلان  بھی کیا تھا۔

آل پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے وزیر اعظم،وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب سےمطالبہ کیا تھا  کہ اگر امن و امان کی صورتحال کو قابو میں دیکھنا چاہتے ہیں تو سرکاری ملازمین کے لاہور پہنچنے سے پہلے پہلےان کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں جس میں تمام ایڈہاک ریلیف ضم کرکے نئے پے سکیلز کا اجراء، تمام ملازمین کی بلاتفریق ایگزیکٹو اور یوٹیلٹی الاؤنس وغیرہ کی عطائیگی،سکول ایجوکیشن میں ٹائم سکیل نوٹیفیکیشن کی واپسی کا خاتمہ، تمام ملازمین کی تاریخ تقرری سے مستقلی، احتجاجی تحریکوں کے دوران برطرف کئے جانے والے ملازمین کی غیر مشروط بحالی، سب انجینئر کیلئے ٹیکنیکل الاؤنس کا اجراء، کالجز کو یونیورسٹیز میں تبدیل کرنے کی بجائے نئی یونیورسٹیز کا قیام عمل میں لانا، سکول ایجوکیشن میں ریشنلائزیشن پالیسی کے ضمن میں سٹوڈںٹ ٹیچر نسبت کو 1:40 پر لانا، درجہ چہارم ملازمین کو بنیادی سکیل پانچ کی عطائیگی، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی طرز پر ریٹائرمنٹ کے موقع پر گروپ انشورنس کی ادائیگی اور دیگر مطالبات شامل ہیں۔

علاوہ ازیں4 ستمبر کو لاہور میں آل پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ و گورنر سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ  آل پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو 30 ستمبر تک تسلیم نہ کیا گیا تو سرکاری ملازمین اپنا جمہوری اور آئینی حق استعمال کرتے ہوئے 7 اکتوبر کو پنجاب بھر کے ملازمین گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور دھرنا دیں گے۔ یہ دھرنا تاریخی نوعیت کا ہوگا جس میں لاکھوں سرکاری ملازمین شریک ہو کر حکومت کی ملازم دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer