بیٹے کے قاتل پکڑنے کیلئے باپ سے رشوت مانگنے والا تھانیدار گرفتار

بیٹے کے قاتل پکڑنے کیلئے باپ سے رشوت مانگنے والا تھانیدار گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( رضوان نقوی ) بیٹے کے قاتل پکڑنے کیلئے باپ سے رشوت لینے والا تھانہ شاہدرہ کا تھانیدار رنگے ہاتھوں گرفتار، اینٹی کرپشن کی ٹیم نے تھانہ شاہدرہ انویسٹی گیشن ونگ کے سب انسپکٹر عامر نذیر چیمہ کو 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ کر حوالات میں بند کردیا۔

تمام تر دعووں کے باوجود لاہور پولیس کا کلچر نہ بدل سکا، بیٹے کے قاتل پکڑنے کیلئے باپ سے رشوت لینے والا تھانہ شاہدرہ کا تھانیدار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے تھانہ شاہدرہ کے تفتیشی سب انسپکٹر کو 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے پکڑ کر مقدمہ درج کرلیا۔

سب انسپکٹر انویسٹی گیشن عامر نذیر چیمہ کی جیب سے مدعی سے وصول کئے گئے 50 ہزار روپے برآمد کرکے سب انسپکٹر کو حوالات میں بند کردیا گیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کی ہدایت پر ڈائریکٹر ویجلینس عبدالسلام عارف کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن نے چھاپہ مارا۔ اینٹی کرپشن نے سب انسپکٹر عامر نذیر چیمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مدعی خلیل احمد بھٹی کے مطابق سب انسپکٹر انویسٹی گیشن انکے بیٹے کے قاتل پکڑنے کیلئے پہلے بھی 55 ہزار روپے وصول کرچکا تھا، آج مزید ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نے سب انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کروا دیا۔ سب انسپکٹر کو کالا خطائی روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ 

ڈائریکٹر ویجیلینس عبدالسلام عارف کا کہنا ہے کہ بدعنوانی میں ملوث کرپٹ اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔