شہباز علی :انٹرنیشنل ٹیسٹ فاسٹ بائولر حسن علی کی وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی سے ملاقات ۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والی ملاقات میں حسن علی نے آبائی علاقے میں کرکٹ گراؤنڈ اپ گریڈیشن کی درخواست کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ فاسٹ بائولر حسن علی پاکستان کا اثاثہ ہیں ،نوجوان کرکٹر نے پوری دنیا میں اپنی کارکردگی سے ملک پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ امید کرتا ہوں کہ ٹیسٹ فاسٹ بائولر حسن علی جلد انجری سے صحتیاب ہوکر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ گوجرانوالا ڈویژن میں کھیلوں کی نئی سہولیات اور اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے اورگھکھڑ سپورٹس کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر حسن علی کی درخواست پر محکمہ سپورٹس سے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ قومی ہیروز کی پزیرائی ہمارا فرض ہے۔
دوسری جانب پاک لائینز انٹرنیشنل اکیڈمی نے عبدالقادر انٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر عبدالحمید پوپا میموریل انٹر اکیڈمی انڈر 13 کرکٹ ٹورنامنٹ جیت کر کپ اپنے نام کر لیا ۔
اتفاق ایل آر سی اے گراونڈ پر پاک لائینز اکیڈمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے جس میں کھلاڑیوں نے اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کیا ، اریب عارف 59 اور محمد علی جونئیر 26 رنز بناکر نمایاں رہے ،عبدالقادر انٹر نیشنل اکیڈمی کے افتخار علی نے تین کھلاڑیوں کوآوٹ کیا ،جواب میں عبدالقادر اکیڈمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی ،موسی خان 55 اور بلال طاہر 26 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ میچ میں عمدہ بلے بازی پر پاک لائینز اکیڈمی کے اریب عارف کو مین آف دی میچ قراردیا گیا