(مانیٹرنگ ڈیسک) علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اپنی تحریک کو آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے اور انشاء اللہ ان کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے۔
چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں، تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا، پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے، انشاء اللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں، تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔
دریں اثناء اپوزیشن کی گاڑیوں کو جی ٹی روڈ پر بریکیں لگیں گی، شاہد خاقان عباسی نے جی ٹی روڈ گوجرانوالہ پر جلسہ کرنے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں پولیس اور کنٹینرز ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔
مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 3 ماہ ڈی چوک پر جلسہ کیا اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا لیکن اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی حکومت 'پولیس گردی' پر اتر آئی ہے۔
دریں اثناء راجہ پرویزاشرف حکومت پربرس پڑے، بولے گوجرانوالہ کا پہلاجلسہ ہے اور یہ حواس باختہ ہوگئے، پورے پنجاب میں کریک ڈاؤن ہو رہا ہے، عہدیداروں اور ورکرز کو پکڑا جارہا ہے۔