پی ٹی آئی لانگ مارچ کا آج چنیوٹ میں پڑاؤ

PTI Long March
کیپشن: PTI Long March
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف  کا حقیقی آزادی مارچ آج چنیوٹ کا رخ کرے گا جہاں عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی لانگ مارچ دوسرے مرحلے کے چھٹے روز آج چنیوٹ کا رخ کرے گا، مارچ انتظامیہ کی جانب سے آج کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر مارچ کی قیادت کریں گے۔

چنیوٹ میں مارچ کا پہلا پڑاؤ کہاں ہوگا؟ 

مارچ کا پہلا پڑاؤ دن 12 بجے بھٹو کالونی چنیوٹ کے مقام پر ہوگا، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن گلہ منڈی کے مقام پرمارچ کا استقبال کرے گی، اسد عمر کی قیادت میں حقیقی آزادی کا قافلہ دن ایک بجے تحصیل چوک چنیوٹ پہنچے گا۔ سید ذوالفقارعلی اور رکن صوبائی اسمبلی سلیم بی بی بڑا استقبالیہ دیں گے، یہاں اسد عمر میڈیا سے گفتگو کریں گے۔

دوپہر ڈھائی بجے مہر تیمورامجد اڈہ احمد نگر پرمارچ کا بھرپور خیرمقدم کریں گے، حاجی غلام محمد لالی ساڑھے 3 بجے نواب چوک لالیاں کے مقام پر استقبال کریں گے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان شام ساڑھے چار بجے لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک خطاب کریں گے، اس سے قبل شام 4 بجے اسد عمر لانگ مارچ کے شرکا سے مخاطب ہوں گے۔

ضلع بھر کے تعلیمی ادارے بند 

لانگ مارچ کے لیے بڑی تیاریاں کی گئی ہیں، جگہ جگہ خیرمقدمی بینرز، ہورڈنگز آویزاں کیے گئے ہیں، صبح سے ہی کارکن جی ٹی روڈ پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، لانگ مارچ کے پیش نظر آج ضلع بھر کے تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا قافلہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں سرائے عالمگیر پہنچے گا۔ مارچ کے شرکا کا دو مقامات پر استقبال کیا جائے گا۔ ق لیگ کے چوہدری وجاہت حسین، موسیٰ الہٰی استقبال کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔سرائے عالمگیر چوک پر بھی پارٹی چیئرمین عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے مارچ کے شرکا سے خطاب کرینگے۔