( جنید ریاض ) بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس پیر کو ہوگی، کانفرنس میں موسم سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر سے قبل دینے سمیت تعلیمی اداروں کو کورونا کے پیش نظر مکمل بند کرنے کی بجائے سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعہ بند کرنے پر بھی غور ہوگا۔
ملک بھر کے وزرائے تعلیم کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونگے۔ کانفرنس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے۔ کانفرنس میں موسم سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر سے قبل دینے پر مشاورت ہوگی۔
تعلیمی سال اپریل کی بجائے یکم اگست سے شروع کرنے کا معاملہ بھی زیرغور ہوگا۔ اس سے قبل 5 نومبر کو بین الصوبائی وزرا کانفرنس میں سکول کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر شدید ہونے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے سینما، تھیٹر اور درباروں کو فوری بند کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ تعلیمی اداروں میں قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات،عوامی اجتماعات پر پابندی اور مارکیٹیں جلد بند کرنے پر بھی غور جاری ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر کی صدارت میں ہوا، جس میں ملک اور خاص طور پر تعلیمی اداروں سے حاصل ہونے والے کووڈ 19 کے کیسز سے متعلق اعداد وشمار کا جائرہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء کو کورونا ایس او پیز پر بریفنگ دی گئی۔