عثمان علیم: حکومتی احکامات کے بعد شہر میں عید میلادالنبیﷺ کو مذہبی جوش و جذبے سے منانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بھی تیاریاں تیز کر دیں، شہر میں خواتین اور مردوں کے لیے خصوصی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق عید میلاد النبی کے حوالے سے خواتین کی محفل میلاد کی خصوصی تقریب کا انعقاد 17 نومبر جی او آر ون میں کیا جائے گا، اس طرح ایوان اقبال میں 18 نومبر کو صبح 10:00 بجے رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں نعت خواں اورجید علماء کرام میلاد مصطفی ﷺ کے حوالے سے خطابات کریں گے۔
اس طرح سکولوں کے طلباء و طالبات میں ضلعی سطح پر ہونے والے نعتیہ و سیرت النبیﷺکے تقریری مقابلہ جات کا انعقاد 20نومبر کو الحمرا ہال میں صبح 11:00 بجے کیا جا ئے گا، ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو 12 ربیع الاول پر نکلنے والے جلوس کے روٹ پر تمام تر انتظامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
شہر کی اہم مارکیٹوں ،شاہراؤں اور اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل کی سطح پر میلاد النبیﷺکی تیاریوں کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔