ویب ڈیسک : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی میانوالی کے علاقے مسلم کالونی میں شہید میجر بابر خان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہید میجر بابر خان کے والد نور خان سے ملاقات کی، انہیں دلاسہ دیا۔ محسن نقوی شہید میجر بابر خان کے بھائیوں کیپٹن ناصر اور سہیل خان سے ملے اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر بابر خان کے والد نور خان کے بلند حوصلے کو سراہا، کہا کہ قوم کو آپ جیسے بلند حوصلہ والد پر فخر ہے ۔ شہید میجر بابر خان جیسے دلیر بیٹے کے والد کو پوری قوم کا سلام ہے۔ آپ جیسے والد کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا سر فخر سے بلند ہو گیاہے۔ شہید میجر بابرخان کے والد کا حوصلہ پاک دھرتی کے مضبوط وجود کی علامت ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور شہید میجر بابر خان بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔
محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید میجر بابر خان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، انہوں نے شہید میجر بابر خان کے اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر شہید میجر بابر خان کی جرات کو خراج عقیدت پیش کیا، کہا کہ جس قوم کے پاس شہید میجر بابر خان جیسے بہادر سپوت ہوں، اسے دشمن شکست نہیں دے سکتا۔ شہید بابر خان قوم کا ہیرو ہے۔ پاک دھرتی کے بہادر سپوت میجر بابر خان نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ قوم کو بجا طور پر میجر بابر خان جیسے بہادر بیٹوں پر ناز ہے۔ شہید میجر بابر خان قوم کا ہیرو ہے اور پاکستانی قوم اس جری ہیرو کی لازوال قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن پوری طاقت سے جاری رہے گا۔
فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا ساوتھ کے بریگیڈئر عامر ، ڈپٹی کمشنر میانوالی، ڈی پی او میانوالی اور اعلی سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔