ویب ڈیسک: ایپل کی نئی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں دھوم مچانے جارہی ہے ۔ آئی فونز میں اب چارجنگ کے لیےلائٹننگ پورٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ یو ایس بی سی پورٹ کو دی جائے گی۔اس پورٹ سےآئی فون میں حیرت انگیز تبدیلیاں رونما ہوں گی۔
بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ اور ایپل کے حوالے سے پیشگوئی کرنے والے تجزیہ کار منگ چی کیو نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ آئی فون 14 کی بجائے آئی فون 15 میں یو ایس بی سی پورٹ کو آئی فونز کا حصہ بنایا جائے گا۔
اس طرح ایک دہائی سے زائد عرصے سے آئی فونز میں چارجنگ کے لیے موجود لائٹننگ پورٹ کا استعمال ختم ہوجائے گا۔
یہ وہ مطالبہ ہے جو صارفین کی جانب سے کافی عرصے سے کیا جارہا ہے اور اب اس پر عملدرآمد ہونے کا امکان ہے مگر اس کے لیے مزید ایک برس تک انتظار کرنا ہوگا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا جس کی ایپل کی جانب سے ابھی کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
اگرچہ آئی فون 14 میں بھی لائٹننگ پورٹ کو ہی دیئے جانے کا امکان ہے مگر رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے ایک ایسے خصوصی اڈاپٹر کو تیار کیا جارہا ہے جو مستقبل میں یو ایس بی سی آئی والے فونز کو لائٹننگ پورٹس والی ایسیسریز پر بھی کام کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
منگ چی کیو نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ یو ایس بی سی پورٹ سے آئی فون کی ٹرانسفر اور چارجنگ اسپیڈ بڑھ جائے گی ، مگر یہ اسپیڈ کتنی ہوگی اس کا انحصار مستقبل کے ہارڈویئر پر ہوگا۔
یو ایس بی سی پورٹ پر سوئچ کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ اینڈرائیڈ فونز کے لیے دستیاب اڈاپٹر بھی ممکنہ طور پر آئی فونز کو چارج کرنے کے لیے استعمال ہوسکیں گے۔
رپورٹ میں تو نہیں بتایا گیا کہ ایپل اتنے سال بعد چارجنگ پورٹ کو کیوں بدلنے پر غور کررہی ہے مگر اس ممکنہ وجہ یورپی یونین کا ایک قانون ہوسکتا ہے جس کے تحت تمام کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اسمارٹ فونز میں یو ایس بی سی کنکٹرز اور پورٹس استعمال کیے جائیں۔
یور پی یونین کا کہنا ہے کہ اس طرح الیکٹرونکس کچرے میں کمی لاکر موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنے میں مدد مل سکے گی۔
اس قانون کا اطلاق 2026 تک ہوگا ۔