(سید شہباز علی) لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی،لاہور قلندرز کے کرس لین نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلادی۔
کرس لین کی شاندار بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی ٹاپ فور میں جگہ بنالی، دس میچوں کے بعد دس پوائنٹس کے ساتھ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
تماشائیوں کے بغیرخالی قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے،خوشدل شاہ70ناٹ آوٹ، شان مسعود 42 ، روی بوپارہ 33 اور روحیل نذیر 24 رنز بنا کر نمایاں رہے،لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویزے اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو جبکہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،ملتان سلطانز نے آخری پانچ اوورز میں 77 رنزاسکورکئے۔
جواب میں کرس لین کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے 19 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 191 رنز بنا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، کرس لین نے 55 گیندوں پر 12 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے ، فخر زمان 57 اور کپتان سہیل اختر 19رنز بنا کر نمایاں رہے، لاہور قلندرز کی واحد وکٹ عثمان قادر کے حصے میں آئی۔سیمی فائنل میں منگل کے روز لاہور قلندرز کراچی کنگز کا مقابلہ کریں گے۔