ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ، پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ، پنجاب میں دفعہ 144 نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)  چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس دنیا کے  149 ممالک میں پھیل چکا ہے،  اب تک کورونا وائرس سےڈیڑھ لاکھ افراد متاثر  اور 5500سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 72ہزار افراد صحتیاب  ہوئے ہیں ،خطرناک وائرس باغوں کے شہر لاہور بھی پہنچ گیا، کورونا وائرس کا صوبائی دارالحکومت میں پہلا کیس سامنے آگیا۔

 ترجمان محکمہ صحت پنجاب  کے مطابق ہسپتالوں میں 100 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 91 مریضوں کو کلیئر قرار دے کر ڈسچارج کردیا گیا جبکہ کورونا کے9 مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیر نگرانی ہیں، مشتبہ مریض پرائمری ہیلتھ کیئر،سپیشلائز ہیلتھ کیئر کےہسپتالوں میں زیرنگرانی ہیں۔

پنجاب حکومت اس جان لیوا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے، پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر کے ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی،  حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر سکولز، کالجز ، یونیورسٹیاں، سینما گھر ، شادی ہالز بند کرنے کا حکم دیدیا، کورونا کےسنگین خطرات کے پیش نظر حکومت نے تمام موبائل کمپنیوں کو کوروناالرٹ میسج جاری کرنے کے احکامات بھی دے دیئے۔

حکومت پنجاب نے پورے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کر دی، کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے باعث صوبے بھر میں پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے،محکمہ داخلہ کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سدباب کیلئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے، شہری قانون کی پاسداری کریں اور حکومت کی جانب سے جاری ہونیوالے ایس اوپیز پر بھی عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ اس موذی وائرس کا مقابلہ کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

طبی ماہرین نے پاکستانی عوام کو اس وائرس سے بچنے کیلئے مختلف تدابیر اپنانے کی ہدایات کی ہیں،طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ صاف ستھری اورصحت مندغذا استعمال کریں ، شہری ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتیں، موجودہ صورتحال میں پانی کا استعمال زیادہ کردیں،کھلی جگہوں پر کھانسنے اور چھینکنے سے اجتناب برتیں ایک دوسروں سے لی گئی چیزوں سے بھی اجتناب برتیں۔

Sughra Afzal

Content Writer