(سٹی 42) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ لائیو سٹاک کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد امیر بھٹی نے محمد تیمور سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لائیو سٹاک سمیت دیگر افسران کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ محکمہ لائیو سٹاک میں درجہ چہارم کے ڈیلی ویجز ملازمین ہیں انھیں حکومتی پالیسی کے مطابق مستقل نہیں کیا گیا، کئی ملازمین مستقل جبکہ درخواست گزاروں کو نظر انداز کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ پہلے بھی کئی ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے چکی ہے ، ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، عدالت سے رجوع کرنے پر ایک سال سے تنخواہیں بھی روک لی گئیں ہیں۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت انکو مستقل کرنے اور تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دے، سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
عدالت نےابتدائی دلائل سننے کے بعد محکمہ لائیو سٹاک کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے اور ان کی سابقہ تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دیدیا۔