سٹی42: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں بارش نے کرکٹ کو شکست دے دی اور کرکٹ کی شائستہ گیم کو میچوں کے وینیوز اور تاریخوں کے بے ڈھنگے انتخاب نے تماشا بنا کر رکھ دیا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے آج فلوریڈا کے شہر فورٹ لاڈرڈیل میں کل امریکہ اور انڈیا کا میچ منسوخ ہوا تو پاکستان گروپ اے میں بیٹھے بٹھائےکھیل سے ہی باہر نکل گیا اور اس کے "سپر ایٹ" راؤنڈ کھیلنے کا امکان معدوم ہوا گیا۔ آج اسی گراؤنڈ پر انڈیا کینیڈا میچ منسوخ ہوا تو پاکستان ایک اور دھکا کھا کر پوائنٹس ٹیبل پر مزید ایک پوزیشن نیچے چوتھے نمبر پر چلا گیا۔
پرسوں امریکہ بھارت سے میچ کھیلتا تو اس کی شکست کا امکان واضح تھا، بھارت کی جیت سے پاکستان کی پوزیشن پر کوئی فرق نہ پڑتا البتہ امریکہ کی ہار سے پاکستان کے سپر ایٹ تک پہنچنے کا امکان موجود رہتا۔
آج کینیڈا بھارت سے میچ کھیلتا تو اس کے جیتنے کا امکان چار فیصد بھی نہیں تھا اور بھارت کے میچ جیتنے سے پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر کوئی اثر نہیں پڑتا تھا، لیکن بارش نے دو دن میں دوسری مرتبہ چن کر پاکستان ہی کو پوائنٹس ٹیبل پر نیچے دھکیل دیا۔
دو میچوں میں بارش سے فائدہ اٹھانے والا انڈیا گروپ اے میں 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور آئرلینڈ دو پوائنٹس کے ساتھ سب سے نیچے ہے۔