لاہور میں بارش سے جل تھل ایک، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور میں بارش سے جل تھل ایک، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  سٹی 42: لاہور یورں پر قدرت مہربان ہوگئی،  باغوں کے شہر لاہور پر گھنگھور گھٹائیں چھاگئیں، مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،   گرمی کا زور ٹوٹنے  سے شہریوں کے چہروں پر رونقیں لوٹ آئیں۔ 

لاہور میں موسم نے لی انگڑائی، اچانک بادلوں نے باغوں کے شہر کو  اپنی لپیٹ میں لے لیا، آندھی اور ہلکی پھوار کے بعد بادل جم کر برسے جس سے کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا،  بارش سے موسم بھیگا اور نشیلا ہوگیا، ہر چیز جیسے نہا کے نکھر گئی ہو ، گرمی سے مرجھائے لاہوریوں کے چہروں پر بہار آگئی ، گل وگلزار پر بھی شادابی چھاگئی۔ 

سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟

لاہور شہر میں کل رات سے جاری موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، سب سے زیادہ بارش قرطبہ چوک میں 153 ملی میٹر  ہوئی،جیل روڈ 56.2 ائیرپورٹ 63 گلبرگ 41 ،لکشمی چوک 101 ، اپرمال 61 مغلپورہ 65 ، تاجپورہ 70 نشتر ٹاون 44 اور چوک ناخدا میں 25 ملی میٹر بارش  ریکارڈ کی گئی۔ 

لیسکو کے 75 فیڈرز ٹرپ 

دوسری جانب بارش کے باعث  لیسکو کے 75 فیڈرزسے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہوگئی۔  ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ لیسکو فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے،  بارش کے رکتے ہی بجلی بحالی کا کام  شروع کردیاجائے گا۔ موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ نے معزز صارفین سے تعاون کی اپیل کردی۔

بپر جوائے آج پاکستانی حدود میں داخل ہوگا

علاوہ ازیں بحیرہ عرب کے سمندری طوفان کا رخ بدل گیا، بپر جوائے کراچی کے ساحل سے دور ہونے لگا،  سمندری طوفان جمعرات کو دن 11 بجے پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، بپر جوائے کیٹی بندر سے قریب  اور کراچی سے تھوڑا دور ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰ یار ، میرپور خاص،حب اور لسبیلہ میں بھی 16جون تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔