دیو سماج روڈ (درنایاب) کمشنر لاہور کی زیر صدارت اجلاس، مون سون، بارش، سیلاب کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لیا گیا، کمشنر نے بارش و سیلاب سے نمٹنے کیلئے پلان ترتیب دینے کا ٹاسک سونپ دیا۔
کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے مون سون انتظامات پر اجلاس میں ریسکیو 1122، محکمہ آبپاشی، موسمیات، واسا اور ایم سی ایل سے بریفنگ لی۔ انہوں نے کہاکہ بارش میں کھمبوں سے کرنٹ لگنے و بارشی تالابوں میں بچوں کے جانی نقصان کو بچانے کیلئے ٹھوس پلاننگ کی جائے، تمام سبزی منڈیوں میں مشینری دستیاب کی جائے، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی صوبائی ڈیزاسٹر کمیٹی سے رابطہ رکھے۔
انہوں نے شہر میں تمام ڈسپوزل، پمپنگ اور لفٹنگ سٹیشنز کو مکمل طور پر فعال کرکے موک ایکسرسائز کرنے، تمام مشینری، ہنگامی کیمپ، ہنگامی سامان اور ڈیوٹی چارٹس کو ازسر نو ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے شہر میں کسی بھی قسم کی کھدائی پر تین ماہ کے لئے پابندی عائد کردی، مون سون میں بارشوں کے پیش نظر یکم جولائی تا 30 ستمبر تک شہر میں کھدائی پر پابندی ہوگی۔
کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ اس عرصہ میں کھدائی کیلئے حاصل کیے گئے تمام این اوسیز بھی معطل رہیں گے، بارشوں کے موسم میں حادثات سے قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچانا اولین ترجیح ہے۔
کمشنر لاہور نے بلدیہ عظمی لاہور کو مون سون میں کھدائیوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہری کھدائیوں پر پابندی کی خلاف ورزیوں پر آگاہ کریں، سخت کارروائی کریں گے۔