(حسن خالد)شہر میں ڈاکو راج برقرار ہے جس کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔لاہور میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایسا ہی واقعہ بھٹہ چوک کینٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 2 افراد کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔50 سالہ اظہر مختار اپنے ڈرائیور منظور کے ہمراہ جا رہا تھا کہ ہنڈا 125پر 2 ڈاکو آئے اور گن پوائنٹ پر 56 ہزار روپے چھین لئے، ڈاکو مزاحمت کرنے پر دونوں افراد کوفائرنگ کر کے زخمی کرکے فرار ہوگئے۔دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر منظور نامی شخص ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوگیا۔
۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں ہی مانگامنڈی میں ڈاکوؤں نے اقساط پر چیزیں دینے والی دکان لوٹ لی تھی،واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی تھی۔ڈاکوؤں نے دکان سے 50ہزار نقدی لوٹی،متاثرہ دکاندار عطاالرحمان نے تھانہ مانگامنڈی درخواست دیدی تھی۔۔گزشتہ دنوں ایسا ہی ایک واقعہ اچھرہ میں سینٹری کی دکان میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے دکاندار کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا تھا،پاک ٹریڈرز پر ہونے والی ڈکیتی کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی تھی۔ قبل ازیں ایسا ہی ایک واقعہ بیکری میں پیش آیا تھا جہاں نشترکالونی میں ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر بیکری لوٹ لی تھی اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی تھی۔