(زاہد چوہدری) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے شہر کے تین پرائیویٹ ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے 450 بستروں پر مشتمل کورونا وارڈ قائم کر دیئے گئے ، وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کورونا وارڈز کا افتتاح کر دیا ۔
کورونا کے مریضوں کیلئے اچھی خبر ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزپروفیسر جاوید اکرم کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے شہر کے تین بڑے نجی تدریسی ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے 450بیڈز مختص کردیے گئے۔ ان بیڈز میں 30آئی سی یو بیڈز بھی شامل ہیں جہاں کورونا کے شدید بیمار مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز کی سہولت بھی موجود ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کو ان نجی ٹیچنگ ہسپتالوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے سنٹرل پارک میڈیکل کالج لاہور، یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری یونیورسٹی آف لاہور اور پاک ریڈ کریسنٹ میڈیکل کالج لاہور کے تدریسی ہسپتالوں میں کورونا وارڈز کا افتتاح کیا ۔ ہر ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کیلئے 150بیڈز مختص کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز ہمار اثاثہ ہیں۔ اس اہم موقع پر ان کالجز کو آگے بڑھ کر سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کے بڑھتے بوجھ کر بانٹناچاہیے۔ یہ وقت کاروبار کا نہیں۔ انسان بچے گا تو معیشت بچے گی۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ ایسے پرائیویٹ میڈیکل کالجز جواپنے ہسپتال کورونا کے مریضوں کے مفت علاج کیلئے کھولیں گے ان کالجز کو ٹیکسز اور دیگر فیسوں میں چھوٹ کیلئے پی ایم ڈی سی سے سفارش کی جائے گی ۔
دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے2514 نئے کیس سامنے آگئے جس کے بعد تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد60152 ہو گئی۔ سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ میں ڈاکٹر غلام حسین کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے24 گھنٹے کے دوران مزید 31 افراد چل بسے اس طرح کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 969 ہو چکی ہے۔