( علی ساہی ) پنجاب میں ایئر کنڈیشنر بسوں اور فضائی سفر کرنے والوں پر بھی پانچ فیصد ٹیکس لگا دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کے فنانس بل میں نئے ٹیکس کو باقاعدہ شامل کرلیا، اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
پنجاب حکومت نے جہاں میٹروبس کے کرایوں میں دس روپے کا اضافہ کیا وہیں ائرکنڈنشنر بسوں پر ٹیکس لگا دیا ہے۔ پنجاب میں ایئر کنڈیشنر بسوں پر ٹرانسپورٹرز سے پانچ فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ فضائی سفر کرنے پر بھی پانچ فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔ پنجاب میں چلنے والی اے سی بسوں پر پانچ فیصد ٹیکس فنانس بل میں شامل ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
دوسری جانب حج، عمرہ، سفارتکار کے سفر پر ٹیکس نہیں لگے گا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق نان اے سی بس پر ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق ملکی اور غیر ملکی فضائی سفر پر بھی پانچ فیصد ٹیکس لگے گا۔