سٹی42: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو دو ٹوک پیغام دیدیا، کہتے ہیں پارٹی سمیت پورا خاندان اندر کردیں لیکن اصولی موقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سابق آمروں اور موجودہ کٹ پتلی حکومت میں کوئی فرق نہیں، حکومت مخالف تحریک کے لیے مریم نواز سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی پنجاب کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن سے سیاسی جماعتوں پر دباؤ نہیں ڈالا جا رہا بلکہ ہر ادارے کے خلاف بلیک میلنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، کٹ پتلی حکومت پاکستان کو موجودہ بحران سے نہیں نکال سکتی، ہم چاہتے ہیں موجودہ پارلیمان اپنی آئینی مدت پوری کرے۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی 50 سالہ جدوجہد کا ثمر 73 کا آئین اور اٹھارویں ترمیم ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کبھی اپنے موقف سے یو ٹرن نہیں لیا، جس نے جتنے کیسسز بنانے ہیں بنالے۔ بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی پی ٹی ایم کی حد سے زیادہ حمایت نہیں کی، پروڈکشن آڈر تمام آسیران کا حق ہے، موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث 80 لاکھ افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
اس معاشی دہشت گردی کے خلاف پیپلزپارٹی ہر صورت آواز اٹھائے گی۔