ملک اشرف: چیف منسٹر شکایات سیل کی لین دین کے معاملات میں مداخلت کا معاملہ، ہائیکورٹ نے چیئرمین شکایات سیل سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کروانے کیلئے14ستمبر تک کی مہلت دے دی۔
چیف منسٹر شکایات سیل کی جانب سے لین دین کے معاملات میں مداخلت کےخلاف ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محمد راحیل کامران شیخ نے کیس کی سماعت کی، پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر حسن خالد رانجھا پیش ہوئے اور جواب جمع کروانے کے لئے مہلت کی استدعا کی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت چودہ ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے لاء افسر کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کروانے کی مہلت دے دی، عدالت نے وزیر اعلٰی شکایت سیل کو درخواست گزار کے لین دین کے معاملہ میں مداخلت سے روکنے کے حکم میں بھی توسیع کردی۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلی شکایات سیل کی جانب سے ذاتی لین دین کے معاملے میں مداخلت کی جا رہی ہے، درخواست گزارکی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وزیراعلی شکایات سیل کو درخواست گزار کے معاملے میں مداخلت سے روکنے کا حکم دے۔