سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ، پولنگ کا عمل جاری

سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ، پولنگ کا عمل جاری
کیپشن: File Photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گزشتہ روز ہی تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔کراچی کے 7 اضلاع میں 246 یونین کمیٹیز کیلئے ہر ووٹر صرف 2 ووٹ دے گا، کراچی کے 25 ٹاؤنز کی 246 یو سیز کے 984 وارڈز پر ووٹنگ ہوگی۔

ہر یونین کمیٹی میں 4 وارڈز ہیں، ووٹر کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ وارڈ کا جنرل کونسلر منتخب کرنا ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ایک ووٹ ہوگا، دوسرا ووٹ جنرل کونسلر کا ہوگا، ہر یونین کمیٹی 11 ارکان پر مشتمل ہوگی، یونین کمیٹی میں 6 افراد براہ راست منتخب ہوں گے۔

یونین کمیٹی میں 2 خواتین، ایک مزدور، ایک نوجوان اور ایک اقلیت کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، یونین کمیٹی میں مخصوص نشستوں کا انتخاب براہ راست ووٹوں سے منتخب ہونے والے یونین کمیٹی کے 6 ارکان کریں گے۔

شہر کی 246 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسل کے رکن ہوں گے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل 367 ارکان پر مشتمل ہوگی جن میں 121 مخصوص نشستیں ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 121 مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب کونسل کے 246 ارکان کریں گے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 81 خواتین، 12 مزدور، 12 نوجوانوں کی مخصوص نشستیں شامل ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 12 اقلیتی ارکان، 2 خواجہ سرا اور 2 معذور افراد کی مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 367 ارکان شہر کا میئر منتخب کریں گے۔کراچی شہر میں 25 ٹاؤنز ہیں، ہر ٹاؤن کا ایک منتخب ناظم ہوگا، ہر یو سی کا منتخب وائس چیئرمین ٹاؤن کونسل کا رکن ہوگا۔

ٹاؤن کونسل کے ارکان خواتین، مزدور، نوجوان، اقلیت، خواجہ سرا اور معذور کی مخصوص نشستوں پر انتخاب کریں گے۔کراچی ڈویژن میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشست کیلئے 9 ہزار 58 امیدوار میدان میں ہوں گے۔

کراچی سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے پینل اور جنرل ممبر کی نشست پر مختلف یونین کمیٹیوں سے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔کراچی ڈویژن کی جنرل ممبرز اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 22 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات 15 جنوری کو نہیں ہوں گے۔انتقال کرنے والے امیدواروں میں مختلف یونین کمیٹیوں کے 9 چیئرمین اور وائس چیئرمین جبکہ 13 جنرل ممبرز کے امیدوار بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا ہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 سے 10 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر علاقوں میں موجود رہے گی۔

ضلع وسطی:

ضلع وسطی کے 5 ٹاؤنز میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 45 ہے، یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی کُل تعداد 20 لاکھ 76 ہزار 73 ہے۔ضلع وسطی کے 1263 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 360 انتہائی حساس اور 903 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ضلع شرقی:

ضلع شرقی کے 5 ٹاؤنز میں 43 یونین کمیٹیاں ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 54 ہزار 59 ہے۔ضلع شرقی کے 799 پولنگ اسٹیشنوں میں 200 انتہائی حساس جبکہ 599 حساس قراردیے گئے ہیں۔

ضلع کورنگی:

ضلع کورنگی کے 4 ٹاؤنز میں 37 یو سیز ہیں، ضلع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 15 ہزار 91 ہے۔کورنگی کے 765 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 318 انتہائی حساس اور 447 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ضلع غربی:

ضلع غربی میں 3 ٹاؤنز میں 33 یو سیز ہیں، ضلع میں رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد 9 لاکھ 9 ہزار 187 ہے۔ضلع غربی کے 639 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 111 کو انتہائی حساس جبکہ 528 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضلع کیماڑی:

ضلع کیماڑی کے 3 ٹاؤنز میں 32 یو سیز ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 44 ہزار 851 ہے۔کیماڑی میں 547 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 164 انتہائی حساس اور 383 کو حساس قرار دیا گیا۔

ضلع ملیر:

ضلع ملیر کے 3 ٹاؤنز میں 30 یو سیز ہیں، یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 43 ہزار 205 ہے۔ملیر کے 497 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 119 انتہائی حساس جبکہ 378 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ضلع جنوبی:

ضلع جنوبی کے 2 ٹاؤنز میں 26 یو سیز ہیں، ضلع جنوبی کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 95 ہزار54 ہے۔480 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 224 انتہائی حساس جبکہ 256 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی صبح زور کا انتخابی دنگل پڑنے کا امکان ہے۔پیپلز پارٹی 127 امیدواروں کے ساتھ میدان میں اتر چکی ، پی ٹی آئی کے 97 اور ایم کیو ایم کے 85 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ، جماعت اسلامی کے 26 امیدوار بھی مقابلے میں ہیں، جی ڈی اے، قومی عوامی تحریک، جے یو پی اور دیگر جماعتیں بھی قسمت آزما رہی ہیں ، حیدرآباد میں 225 آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔

حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بھی آج بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، پولنگ کے سامان کی ترسیل کا عمل مکمل ہوگیا، پولنگ کی ترسیل کے دوران عملے کو مشکلات کا سامنا رہا۔

حیدرآباد، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹندوالہیار، دادو، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق آج پولنگ ہوگی۔دوسری جانب پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے پولیس اہلکاروں سمیت پولیس کے کمانڈوز بھی فرائض سر انجام دیں گے۔ پولنگ صبح آٹھ بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی گی۔