فیروز پور روڈ (سٹی42) پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل کے ترانے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت نہیں ہے،پاک بھارت باہمی سیریز یورپ یا امریکا میں کرانے کی طرف بڑھنا چاہیے۔
ایک انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز میں ایونٹ کی تشہیر کے لیے ترانہ ضروری تھا تاہم اب پی ایس ایل میں لوگ بابر اعظم، شاہین آفریدی سمیت کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، کرکٹرز سے بڑا کوئی اسٹار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ترانہ گزشتہ برس بنا اس سے کیا تشہیر ہوئی، اس لیے میرے خیال میں ترانہ بنا کر پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہیے، پی ایس ایل کا ایک ہی ترانہ رہنا چاہیے، ہم نے بھی کئی ترانے بنائے لیکن جو پہلے مقبول ہوا اس جیسا کوئی دوسرا مقبول نہیں ہوا، اس لیے جو ترانہ مقبول ہو اسے رہنے دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ موسیقار عبداللہ صدیقی نے اس ترانے کو کمپوز کیا ہے,یہ آفیشل ترانہ آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائے گا۔