کرایہ داروں کے اندراج کیلئے تھانوں کے چکر ختم، نئی ایپ تیار

کرایہ داروں کے اندراج کیلئے تھانوں کے چکر ختم، نئی ایپ تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

بینک روڈ (علی ساہی) اب شہریوں کو گھریلو ملازمین اور کرایہ داروں کے اندراج کیلئے تھانوں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، شہری اپنے موبائل میں کاروبار ایپ کے ذریعے کرائے داروں اور ملازمین کے شناختی کوائف رجسٹرڈ کر سکیں گے۔

 شہریوں کو گھریلو ملازمین اور کرایہ داروں کے کوائف جمع کرانے کے حوالے سے بڑی سہولت مل گئی، پولیس نے کاروبارایپ تیارکرلی۔ اس ایپ پر ملازمین کے کوائف کا ریکارڈ مرتب کیا جا سکے گا جبکہ ایپ میں 15 لاکھ سے زائد ریکارڈ یافتہ ملزمان کا ریکارڈ موجود ہوگا، ڈیٹا کا اندراج کرنے سے ریکارڈ یافتہ ملزمان کی نشاندہی بھی ہوسکے گی۔ 

کرایہ دار یا ملازم ریکارڈ یافتہ ہونے کی صورت میں شہری اور متعلقہ تھانے میں ایس ایم ایس چلا جائے گا، اگر کوئی ملازم باربار نوکری تبدیل کرے گا تو متعلقہ تھانہ اس پر ایپ کی مدد سے نظر رکھ سکے۔

 دوسری جانب بچوں سے جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے پنجاب پولیس  نے اہم فیصلہ کرلیا، ڈی آئی جی آئی ٹی نے لاہور سمیت پنجاب پولیس کے تمام افسران کو موبائل فونز میں زینب الرٹ ایپلی کیشن کے استعمال کا حکم دے دیا۔

ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس فورس زینب الرٹ ایپ کے ذریعے لاپتہ بچوں کی معلومات اکٹھی کریں گے، پولیس فورس جنسی تشدد کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرے گی جبکہ فیلڈ افسران اور تھانوں میں تعینات اہلکاروں کو ایپ سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر نے مراسلہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو بھجوا دیا ہے جبکہ زینب الرٹ ایپ سے گمشدہ بچوں کی تلاش میں بھی مدد ملے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer