( شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بنگلہ دیش سیریز کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، میچزکے اوقات کار اور ٹکٹس کی قیمتوں کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
پاک بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمیت ماضی کی نسبت کم رکھنے پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ لاہور کے موسم کو میچز کے اوقات کار طے کرتے وقت سامنے رکھا جائے گا۔ لاہور کے موسم کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی میچز دوپہر دو بجے شروع کرنے کی بھی تجویز ہے۔
پی سی بی نے گراؤنڈ سٹاف کو پچز کی تیاری فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے اور موسم کو پیش نظر رکھتے ہوئے بیٹنگ کے لئے ساز گار پچز بنانے کی ہدایات دی گئی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔
مہمان ٹیم 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی جب کہ پی ایس ایل کے بعد دونوں ٹیموں کا ایک ون ڈے 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔