( راؤ دلشاد ) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے بادامی باغ لاری اڈا کی مرمت و بحالی کا فیصلہ کر ہی لیا، 2 کروڑ پچاس لاکھ کی لاگت سے لاری اڈا کی بحالی و مرمت ہوگی۔
لارڈ مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے لاری اڈا کی بحالی کے لیے شعبہ انفراسٹرکچر کو ہدایات جاری کردیں، سڑکوں کی بحالی، پبلک ٹوئلٹس، انتظار گاہ، مرمت بس بیز، شیڈز، ایڈمنسٹریشن دفاتر اور تزئین وآرائش کے کام ہونگے، مرمت اور تزئین وآرائش پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
شہریوں کو لاری اڈا سے صوبہ بھر کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہے، لارڈ میئرکرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہنا ہے کہ بادامی لاری اڈا سے لاکھوں شہری سفر کرتے ہیں، لیکن شہریوں کو سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، اس ضمن جلد لاری اڈا کی مرمت و بحالی کے کام کا آغاز کردیا جائے گا۔