( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے، چند ماہ میں عوام کی ترقی و خوشحالی کا روڈ میپ تیار کرکے عملدرآمد شروع کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ایوان وزیراعلیٰ میں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت انصر مجید خان، رکن پنجاب اسمبلی سید افتخار حسن گیلانی، تحریک انصاف گوجرانوالہ کے ٹکٹ ہولڈر محمد احمد چٹھہ اور چوہدری بلال اعجاز شامل تھے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے اور چند ماہ میں عوام کی ترقی و خوشحالی کا روڈ میپ تیار کرکے عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ ہم نعروں پر نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں، اقتدار سنبھالا تو معیشت تباہ حال تھی، ادارے کنگال تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کرکے نئی مثال قائم کی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں روشن و خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ عوام کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتر کر نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔