علی عباس: بجٹ رکھا،نہ فنڈزجاری کئے،پنجاب کےسرکاری سکولوں پرسمارٹ بورڈکی خریداری کا بوجھ ڈال دیا گیا،محکمہ سکولز ایجوکیشن نےمن پسند کمپنی بھی فائنل کرلی ،سکول سربراہان کوایک ہی کمپنی سے2لاکھ روپےکاسمارٹ بورڈخریدنے کاحکم ، بجٹ نہیں سمارٹ بورڈ کیسے خریدیں ،سکول سربراہان پریشان۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے لاہور اور پنجاب کے 5 ہزار357سرکاری سکولوں میں سمارٹ بورڈ کی تنصیب اور خریدادری کی ذمہ داری متعلقہ سرکاری سکولوں کے سربراہاں پر عائد کی گئی ہے۔ جس پر متعلقہ سکولز سربراہاں کو باقاعدہ ذبانی احکامات جاری کیے گئے۔شہر کے متعدد سکول سربراہاں کے مطابق انہیں ایک ماہ کے دوران سرکاری سکولوں میں ایک سمارٹ بورڈ کی تنصیب کا حکم دیا گیا ہے جس کے لیے محکمے کی طرف سے نہ تو کوئی بجٹ جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی گرانٹ،جبکہ سکول کے اپنے بجٹ سے 5 ہزار 357سمارٹ بورڈ خریدنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سمارٹ بورڈ کی خریداری کے لیے سکولوں کے نان سیلری بجٹ سے 2 لاکھ روپے خرچ کرکے یہ بورڈ خریدے جائیں گے۔ مارکیٹ سے سمارٹ بورڈ کی خرید کی بجائے ایک نجی کمپنی سے یہ بورڈ ز خریدنے کا بھی کہا جارہا ہے۔ مارکیٹ میں بورڈ کی قیمت 1 لاکھ روپے جبکہ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جاری کردہ پروپوزل میں بورڈ کی قیمت 2 لاکھ روپے تک بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے نان سیلری بجٹ سے بورڈز کی خریداری کی جاسکتی ہے جبکہ سکول سربراہاں پر کوئی دباو نہیں ہے وہ محکمے کی متعلقہ تجاویزاور صلاحیت رکھنے والے بورڈ مارکیٹ سے اپنی مرضی کے مطابق خرید سکتےہیں۔