(سٹی42)لاہور میں کورونا کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، متاثرہ مریضوں اور اموات کی شرح میں کمی کی بجائے دن بدن اضافہ ہورہا ہے، صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، مراد راس نے اس کی خود تصدیق کی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، دہشت اور خوف کی علامت بنے وائرس نے کئی گھروں کی خوشیاں چھین لیں مریضوں کی تعداد میں بھی اضافے ہورہا، صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس میں اس وائرس کی تصدیق ہوگئی، ٹوئٹر پر جاری بیان میں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران جو لوگ مجھ سے ملے وہ بھی اپنا ٹیسٹ کرا لیں۔
I have tested positive for COVID 19. I would like the people that have come in contact with me in the past few days during meetings to get tested. May Allah protect all of you.
— Murad Raas (@DrMuradPTI) February 15, 2021
واضح رہے کہ کورونا وائرس نے مزید 26 زندگیوں کے چراغ گل کردئیے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 333 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک 84 لاکھ 66 ہزار 117 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 19 نئے ٹیسٹ کئے گئےجن میں سے ایک ہزار 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 64 ہزار 268، سندھ میں 2 لاکھ 53 ہزار 762، خیبر پختونخوا میں 69 ہزار 990، بلوچستان میں 18 ہزار 942، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 940، اسلام آباد میں 42 ہزار 688 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 487 کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 12 ہزار 333 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 51، سندھ میں 4 ہزار 219، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 995، اسلام آباد میں 486، بلوچستان میں 199، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 281 مریض جان کی بازی ہارگئے۔
اب تک 5 لاکھ 25 ہزار 997 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 680 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔