(سٹی 42) سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لاہور سے لندن پہنچ گئیں، والدہ نوازشریف کاکہنا ہے کہ آپریشن سے پہلے بیٹے سے ملنا چاہتی ہوں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی والدہ شمیم اختر اور ہمشیرہ کوثر یوسف عزیز لاہور ائیر پورٹ سے لندن پہنچ گئیں، میاں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے دادی کا استقبال کیا۔ بیگم شمیم اختر پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 757 سے لندن روانہ ہوئی تھیں، میاں نواز شریف کی بہن اور بہنوئی بھی ہمراہ ہیں۔قومی ایئرلائن کی پرواز برطانیہ کے وقت کے مطابق شام 6 بجے لندن پہنچی، بیگم شمیم اختر میاں نوازشریف کے پروسیجر سے پہلے لندن پہنچ گئیں ہیں۔
گزشتہ روز نواز شریف کے وکیل نے چودھری شوگر مل کیس میں احتساب عدالت میں نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس جمع کروائی تھیں جس کے بعد عدالت نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تھی۔
واضح رہے کہ 19 نومبر 2019 سے پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف لندن میں زیرعلاج ہیں، اگلے ہفتے لندن میں میاں نوازشریف کے دل کا پروسیجر متوقع ہے، انہوں نے مریم نواز کی موجودگی تک آپریشن کرانے سے انکار کردیاہے،جبکہ مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ میں پاسپورٹ کی واپسی اور ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے درخواست دائر کررکھی ہیں۔