( قذافی بٹ ) وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ن لیگی قیادت اپنی حرکتوں کے باعث نوازشریف کو مذاق کا نشانہ بنوا رہی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نوازشریف کی صحت پر کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتی، نوازشریف نے کیوں نکالا سے لیکر کیوں سنبھالا کی رٹ لگائی ہوئی ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور مسلم لیگی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگی قیادت کی جانب سے نوازشریف کی صحت پر ڈرامہ رچایا جارہا ہے۔ نوازشریف کی علاج کے لیے چار رکنی بورڈ بنایا گیا ہے جس میں کارڈیالوجسٹ، یورالوجسٹ بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانچواں میڈیکل بورڈ نوازشریف کی مرضی کے مطابق بنایا گیا ہے، نوازشریف جیل سے خواہش کا اظہار کرتے ہیں کہ ہسپتال بھیجو، ہسپتال بھیجو تو جیل جانے کی خواہش کا اظہار کردیتے ہیں، ہسپتال لیکر آؤ تو وارڈ پسند نہیں آتا، کمرہ پسند نہ آنے پر خود گائنی وارڈ میں منتقل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی ذات کے ساتھ خود مذاق کررہے ہیں۔ ن لیگی قیادت اور آل شریف خود اپنے آپکو پوری دنیا میں مذاق کا نشانہ بنوا رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت انہیں سنبھالنے لگی ہوئی ہے۔