(ملک اشرف) سموگ،ماحولیاتی آلودگی کا معاملہ، درختوں کی کٹائی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت سے درختوں کی کٹائی پر پابندی لگانے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے، ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ماحولیات اور سیکرٹری بلدیات کونوٹس جاری کرتے ہوئےجواب طلب کرلیا.
جسٹس شاہد کریم نے شہری تجمل راٹھور کی درخواست کی سماعت کی،درخواست میں چیف سیکرٹری،سیکرٹری ماحولیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے،وکیل درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس وقت پوری دینا کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے،پاکستان میں بھی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات موجود ہیں،صوبہ پنجاب کو ان اثرات کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے.
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ سینکڑوں شہری ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے موذی امراض کا شکار ہوچکے ہیں،درختوں کا کمرشل استعمال کیا جا رہا ہے،ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے درختوں کا وجود ضروری ہے،اس سلسلے میں چیف سیکرٹری اوردیگرذمہ داروں کو متعدد درخواستیں دیں مگر شنوائی نہ ہوئی،عدالت سے درختوں کے کٹاؤ پر فوری پابندی لگانے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔