مال روڈ(قذافی بٹ) پنجاب کابینہ میں توسیع ، گورنر پنجاب نے دو نئے وزراء سے حلف لے لیا، کابینہ کے وزراء کی تعداد 35 ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں دو نئے وزراء شامل ہوگئے، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے زلفی بخاری کے کزن یاور بخاری اور خیال کاسترو سے حلف لے لیا، یارو عباس بخاری پبلک اکاؤنٹ کمیٹی ٹو کے چیئرمین بھی ہیں، پنجاب کابینہ میں شامل کیے جانے والےدونوں وزراء کے قلمدان کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، نو منتخب وزراء کو کونسی وزارتیں دینی ہےیہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے،دو نئے اراکین کے ساتھ کابینہ کے وزراء کی تعداد 35 ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت محکمہ داخلہ، لوکل گورنمنٹ ، سوشل ویلفیئر اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے قلمدان خالی ہیں، وزیر جیل خانہ جات سے کالونیز کی وزارت بھی واپس لینے کے امکانات ہیں، کالونیز کی وزارت واپس لیکر دونوں نئے اراکین میں سے کسی ایک کو دی جائے گی، یاور عباس بخاری کو محکمہ داخلہ اور لوکل گورنمنٹ ملنے کے امکانات ہیں جبکہ خیال کاسترو کو سوشل ویلفیئریا پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارتیں دی جاسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ 14 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں،تین اہم وفاقی وزراءکے قلمدان تبدیل کیے گئے، وفاقی وزیر شیخ رشید کووزارت داخلہ جبکہ وفاقی وزیر بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کا قلمدان تبدیل کرکے انھیں نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان سونپ دیا گیا، سینیٹر اعظم سواتی کو وزیر ریلوے بنا دیا گیا، کابینہ ڈویژن نے قلم دان تبدیل کرنے کے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیئے۔