(عرفان ملک) پروٹوکول نہ لینے کے دعوے صرف باتوں تک محدود، وزیر اعلیٰ ہاؤس نے صرف پارکنگ کے لیے وارڈنز مانگ لیے۔ ٹریفک پولیس نے 9 وارڈنز گاڑیاں سیدھی کر کے لگوانے کے لیے تعینات کر دیئے۔
وزیر اعلی ہاؤس کی جانب سے ٹریفک پولیس کو احکامات دیئے گئے تھے کہ سی ایم سیکرٹریٹ میں وی وی آئی پیز کی آمد کے موقع پر گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ جس کے سدباب کے لیے وارڈنز تعینات کیے جائیں۔ جس پر سی ٹی او نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے احکامات پر 9 وارڈنز 8 کلب کی پارکنگ میں تعینات کر دیئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک وارڈنز کو دو شفٹوں میں ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ وارڈنز کو مال روڈ سیکٹر سے 8 کلب کی پارکنگ میں تعینات کیا گیا۔ ڈیوٹی پر تعینات وارڈنز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں آنیوالے وزراء اور دیگر وی وی آئی پیز کی گاڑیوں کو پارک کروائیں گے۔