سپریم کورٹ نے عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ سنا دیا

سپریم کورٹ نے عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ سنا دیا
کیپشن: City42 - Imran Khan
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42): سپریم کورٹ نے ایک اور تاریخی فیصلہ سنا دیا، عدالت عظمیٰ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اہل جبکہ جہانگیر ترین کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیسز کا 14 نومبر کو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ آج سنا دیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہاکہ عمران خان اہل ہیں ، جہانگیر ترین کو ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا انہیں 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا گیا۔ فیصلہ 250 صفحات پر مشتمل ہے،تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کا معاملہ الیکشن کمیشن کو ریفر کردیا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے کا تعین الیکشن کمیشن کرےگا، عمران خان پر نیازی سروسز لمیٹڈ نام کی آف شور کمپنی ظاہر نہ کرنے جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین پرآف شور کمپنی چھپانے کا الزام تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عمران خان نے کوئی بددیانتی نہیں کی،  اثاثے چھپانے کا الزام غلط ہے، بنی گالہ کی اراضی عمران خان کو جمائما خان کی طرف سے تحفے میں ملی۔

 14 نومبر کو ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمران خان بے ایمان آدمی ہیں کہ نہیں جب کہ برسوں بعد کاروباری لین دین میں قانون کی خلاف ورزی پر کسی کو نااہل کیسے کر دیں۔ جہانگیر ترین کے تحریری جواب سے افسوس ہوا تو فاضل وکیل نے کہاکہ عدالت سے اپنی غلطیوں پر معافی مانگتا ہوں۔

واضح رہے کہ نون لیگی  رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف عدالت عظمیٰ میں دو  درخواستیں دائر کی تھیں۔جن میں حنیف عباسی نے موقف اپنایا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آرٹیکل 63، 62 کے تحت نااہل کیا جائے کیوںکہ انہوں نے 2013ء میں اپنے کاغذات نامزدگی میں بنی گالہ کی اراضی سے متعلق جھوٹ بولا۔

عمران خان جہانگیر ترین نااہلی  کا مقدمہ 405دن تک چلا، جس کی 50سماعتوں میں 101گھنٹے کی عدالتی کارروائی ہوئی، جس کے دوران تقریباً 7ہزار دستاویزات پیش کی گئیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پانامہ کیس کا تاریخ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا۔