سٹی42: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 207 سے کامیاب آصفہ بھٹو زرداری نے پہلی بار بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھا لیا، آصفہ بھٹو زرداری نے رول آف سائن پر دستخط کر دیئے،جس پر مہمانوں کی گیلری میں جیے بھٹو کے نعرے لگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا،قومی اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، صدر مملکت آصف علی زرداری پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے،سپیکر سردار ایاز صادق نے صدر مملکت کا پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر استقبال کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے آصفہ بھٹو سے حلف لیا،آصفہ بھٹو کے حلف کے دوران سنی اتحاد کونسل اراکین کے جبری سلیکشن نامنظور کے نعرے لگائے۔رول آف سائن پر دستخط کے بعد پیپلز پارٹی کی خواتین ممبران اسمبلی نے آصفہ بھٹو کے ساتھ تصاویر بنوائیں،آصفہ بھٹو زرداری حلف لینے کے بعد ایوان سے چلی گئیں۔